Breaking News >> News >> Independent Urdu


کیئف کو صفحہ ہستی سے مٹا کر ہی روس اس پر قبضہ کر سکتا ہے: زیلنسکی


Link [2022-03-13 10:53:06]



یوکرینی شہر لویو میں حکام کا کہنا ہے کہ روس نے ملک کے مغرب میں پولینڈ کے ساتھ سرحد کے قریب واقع یاروویف فوجی اڈے پر فضائی حملہ کیا ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اتوار کو لویو کی انتظامیہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’قابضین نے یاروویف انٹرنیشنل سینٹر فار پیس کیپنگ اینڈ سکیورٹی پر فضائی حملہ کیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق انہوں نے آٹھ میزائل فائر کیے۔‘

انٹرفیکس یوکرین نیوز ایجنسی نے یوکرینی فوج کی اکیڈمی آف لینڈ فورسز کے ترجمان اینٹون میرونووچ کے بیان کا حوالہ دیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ سینٹر میں ایک فوجی یونٹ کو نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے کہا: ’ابتدائی تفصیلات کے مطابق کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے، مگر زخمیوں کے بارے میں اطلاعات کی تصدیق کی جا رہی ہے۔‘

یاروویف فوجی اڈا پولینڈ کی سرحد سے 35 کلومیٹر دور ہے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق امریکہ اکثر یہاں یوکرینی فوجیوں کی تربیت کے لیے انسٹرکٹر بھیجتا آیا ہے۔ یہاں نیٹو کی بین الاقوامی فوجی مشقیں بھی ہو چکی ہیں۔  

کیئف کو صفحہ ہستی سے مٹا کر ہی روس اس پر قبضہ کر  سکتا ہے: زیلنسکی

یوکرین کے صدر وولودی میر زیلنسکی نے کہا ہے کہ یوکرینی ہار نہیں مانیں گے اور یوکرین کے دارالحکومت کیئف پر روس صرف اسی صورت میں قبصہ کرسکتا ہے جب وہ اسے صفحہ ہستی سے مٹادے۔

انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ماسکو جنگ میں نئے فوجی جھونکنے پر مجبور ہو گیا ہے کیوں کہ یوکرین کی افواج نے روس کے 31 بٹالین ٹیکٹیکل گروپس کو ناکارہ بناتے ہوئے لڑائی سے باہر کر دیا۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق صدر زیلنسکی نے اسے دہائیوں بعد روس کی فوج کا سب سے بڑا نقصان قرار دیا تاہم ان کے بیانات کی تصدیق ممکن نہیں ہو سکی۔

یوکرینی صدر نے ہفتے کی شب ایک ویڈیو خطاب میں کہا: ’ہمیں ابھی بھی لڑنا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ اب تک اس جنگ میں تقریباً ایک ہزار تین سو یوکرینی فوجی مارے جا چکے ہیں۔

انہوں نے مغرب پر زور دیا کہ وہ امن مذاکرات کے لیے مزید کوششیں کریں۔

صدر زیلنسکی نے دھمکی دی کہ اگر روسی افواج نے دارالحکومت کیئف میں داخل ہونے کی کوشش کی تو انہیں موت کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا: ’کیئف کو صفحہ ہستی سے مٹا کر ہی روس اس پر قبضہ کر  سکتا ہے۔‘

انہوں نے کہا: ’اگر وہ (روسی کیئف پر) کارپٹ بم گرانے کا فیصلہ کرتے ہیں اور اس خطے کی تاریخ کو مٹا دیتے ہیں اور ہم سب کو تباہ کر دیتے ہیں تو ہی وہ کیئف میں داخل ہو سکیں گے۔ اگر یہ ان کا مقصد ہے تو انہیں اندر آنے دیں لیکن انہیں اس سرزمین پر خود ہی رہنا ہوگا۔‘ 

اس کے علاوہ صد زیلنسکی نے جرمن چانسلر اولاف شولز اور فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے ساتھ جنگ کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا جس کے بعد جرمن اور فرانسیسی رہنماؤں نے روسی صدر پوتن سے فون پر بات کی اور ان پر زور دیا کہ وہ فوری جنگ بندی کا حکم دیں۔

75 منٹ جاری رہنے والی کال پر کریملن کے بیان میں جنگ بندی کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا جب کہ فرانسیسی صدر کے دفتر کے ایک اہلکار نے کہا: ’ہمیں جنگ کے خاتمے کے لیے پوتن کی جانب سے رضامندی کا کوئی اشارہ نہیں ملا۔‘

پباہ گزینوں کے قافلے پر روسی حملے میں بچے سمیت سات افراد ہلاک: یوکرین

یوکرین نے روسی افواج پر الزام لگایا کہ انہوں نے کیئف کے قریب جنگ سے بچنے کے لیے پناہ لینے کی کوشش کرنے والی خواتین اور بچوں پر حملہ کر کے سات شہریوں کو ہلاک کر دیا۔

روس کا یوکرین پر حملہ تیسرے ہفتے میں داخل ہونے کے ساتھ ہی یوکرین کی انٹیلی جنس سروس نے کہا کہ ایک بچے سمیت سات افراد اس وقت مارے گئے جب ان کا قافلہ درالحکومت کے قریب پریموہا گاؤں سے فرار ہو رہے تھے اور قابض فورس نے بچے کچھے افراد کو واپس پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا۔

یوکرین کے حکام نے پہلے کہا تھا کہ روس نے طے شدہ انسانی راہداری کو نشانہ بنایا تھا تاہم بعد میں اعلان کیا کہ نشانہ بننے والا پناہ گزینوں کا قافلہ ’اس گرین کوریڈور‘ پر سفر نہیں کر رہا تھا جس پر پناہ گزینوں کو انخلا کے لیے گزرنے کے لیے روس کے ساتھ اتفاق کیا گیا تھا۔

روئٹرز فوری طور پر اس حملے کی رپورٹ کی تصدیق کرنے سے قاصر تھا اور روس نے بھی فوری طور پر اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

ماسکو 24 فروری کو یوکرین پر حملہ کرنے کے بعد سے شہریوں کو نشانہ بنانے کی تردید کرتا رہا ہے۔

روس یوکرین کو محصور شہروں سے لوگوں کو نکالنے کی ناکام کوششوں کا ذمہ دار ٹھہراتا ہے جب کہ یوکرین اور اس کے مغربی اتحادی اس الزام کو سختی سے مسترد کرتے ہیں۔

روس یوکرین جنگیوکرینروسدنیایوکرینی صدر وولودی میر زیلنسکی نے کہا ہے کہ اگر روس کیئف پر قبصہ چاہتا ہے تو اسے سخت مزاحمت ملے گی اور صرف کیئف کو تباہ کر کے ہی قابض ہو سکتا ہے۔ انڈپینڈنٹ اردواتوار, مارچ 13, 2022 - 11:30Main image: 

<p>یوکرین کے صدارتی دفتر سے جاری ایک ویڈیو سے لی گئی تصویر میں صدر وولودی میر زیلنسکی 11 مارچ کو کیئف سے ایک پیغام جاری کر رہے ہیں (اے ایف ہی، یوکرینی صدارتی دفتر)</p>

دنیاtype: newsrelated nodes: یوکرینی صدر اسرائیل میں صدر پوتن سے بات چیت پر تیارمغربی یوکرین کے ہوائی اڈوں کے قریب روس کے حملےیوکرین، روس وزرا خارجہ آج ترکی میں ملاقات کریں گےامریکہ نے روسی تیل پر پابندی عائد کر دیSEO Title: کیئف کو صفحہ ہستی سے مٹا کر ہی روس اس پر قبضہ کر سکتا ہے: زیلنسکیcopyright: Translator name: عبدالقیوم شاہد

Most Read

2024-09-21 14:55:13